کراچی میں تیز رفتار ڈمپر ڈرائیور نے راہ گیروں کو کچل دیا

حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ تین زخمی، دو کی حالت تشویشناک ہے، زخمی ہونے والوں میں ایدھی کا رضاکار بھی شامل


منور خان October 12, 2025

شہر میں دنداناتے ہوئے تیز رفتار ڈمپر نے تین افراد کو روند دیا جن میں سے ایک شہری جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹاور کے علاقے میں قائم ایدھی سینٹر کے سامنے تیز رفتار ڈمپر نے راہ گیروں اور موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ ایدھی کے رضا کار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے جس میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

حادثے کے بعد مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے ڈمپر کے شیشے توڑ دیئے۔ ایدھی کے رضا کاروں نے متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دی۔

 ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 25 سالہ باسط علی کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی ہونے والے 55 سالہ شفیق ، 28 سالہ جنید اور ایدھی کے رضا کار روشن کے ناموں سے ہوئی جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ 

ایس ایچ او کھارادر پون کمار نے بتایا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جبکہ حادثے میں موٹر سائیکل سوار اور ایدھی سینٹر کے سامنے کھڑے ہوئے افراد زد میں آئے ہیں جس میں ایک نوجوان جو کہ راہگیر تھا وہ جاں بحق ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا ہے اور ڈمپر کو تھانے منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ پولیس جائے وقوعہ اور اسپتال میں زیر علاج زخمیوں سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

مقبول خبریں