اسلام آباد ہائیکورٹ: سینیٹر فرحت اللہ بابر کو ہراساں کرنے سے روکنے کے حکم میں توسیع

سابق سینیٹر اپنی وکیل ایمان مزاری ایڈووکیٹ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے


ویب ڈیسک October 15, 2025

اسلام آباد:

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق سینیٹر فرحت اللہ بابر کو ہراساں کرنے سے روکنے کے حکم میں توسیع کردی۔

جسٹس انعام امین منہاس نے فرحت اللہ بابر کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے ایف آئی اے کو جلد انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ بھی طلب کرلی۔

 درخواست گزار کی وکیل ایمان مزاری، ایف آئی اے حکام اور فرحت اللہ بابر عدالت میں پیش ہوئے۔

ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے عدالت نے موقف اپنایا کہ سات ماہ سے انکوائری کررہے ہیں لیکن بتا نہیں رہے کہ انکوائری کیا ہے، ہمیں ابھی تک معلوم نہیں الزامات کیا ہیں۔

عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ جی بتائیں کیا انکوائری ہے اور الزامات کیا ہیں، شکایت کہاں ہے؟، ایف آئی اے افسر محمد سفیر نے عدالت کو بتایا کہ ایف بی آر سے ریکارڈ منگوایا ہے جیسے ہی ملے گا انکوائری مکمل ہو جائے گی۔

عدالت نے ایف آئی اے افسر کو انکوائری جلد مکمل کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

مقبول خبریں