چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے امریکا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکا کی اعلیٰ بحری اور سول قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق نیول چیف کی امریکی ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف آپریشنز اور کوسٹ گارڈ کے وائس کمانڈنٹ سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں۔
نیول چیف نے امریکا کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا اور یونیورسٹی کے صدر وائس ایڈمرل پیٹر اے گارون سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں کے دوران پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، پیشہ ورانہ تربیت اور میری ٹائم تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیول چیف نے امریکی محکمہ خارجہ کا بھی دورہ کیا اور سیاسی وعسکری امور کے ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری سٹینلے ایل براؤن سے ملاقات کی۔
ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی اسکالرز اور تھنک ٹینک کے ماہرین سے خطاب کیا جہاں انہوں نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز اور مشترکہ میری ٹائم کوششوں میں پاک بحریہ کے تعاون پر روشنی ڈالی۔
نیول چیف کا دورہ امریکا دونوں ممالک کے مابین میری ٹائم سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو فروغ دے گا۔