ایشین یوتھ گیمز: پاکستان کا 53 رکنی دستہ شرکت کرے گا

قومی دستے میں 7 خواتین اور 39 مرد کھلاڑی، ایک خاتون سمیت 5 ٹیم آفیشلز اور 2 سرکاری آفیشلز شامل ہیں


زبیر نذیر خان October 17, 2025

پاکستان کا 53 رکنی دستہ 12 برس بعد ہونے والے تیسرے ایشین یوتھ گیمز میں شرکت کرے گا، بحرین میں 22 اکتوبر سے شروع ہونے والے گیمز میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان قومی دستے کے چیف ڈی مشن ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 31 اکتوبر تک شیڈول گیمز میں پاکستان 8 کھیلوں  میں شرکت کرے گا، قومی دستے میں 7 خواتین اور 39 مرد کھلاڑی، ایک خاتون سمیت 5 ٹیم آفیشلز اور 2 سرکاری آفیشلز شامل ہیں۔

ایتھلیٹس میں 3 مرد غلام مرتضی، محمد حسین فیض، محمد بہرام خان اور واحد خاتون ایتھلیٹ اقراء ریاض شامل ہیں، سابق انٹرنیشنل خاتون ایتھلیٹ سیمی رضوی کوچ ہوں گی۔

بیڈمنٹن میں واحد خاتون کھلاڑی کراچی ہی کی حمنا ارشاد ہیں، جوجسٹو میں 3 کھلاڑی حماد علی، محمد ثاقب اور صدام خان پاکستان کی نمائندگی کریں گے، ڈاکٹر حارث اشرف کوچ ہیں۔

14 رکنی کبڈی ٹیم کے کوچ راحت مقصود علی اور امجد علی ساجد منیجر کی ذمہ داری ادا کریں گے، تائی کوانڈو میں 2 مرد کھلاڑی سید زوہیب قادری اور سیف اللہ اور واحد خاتون کھلاڑی کنیز زینب کے ساتھ غیر ملکی کوچ سیونگ او جوئے کوچ ہیں۔

ریسلنگ میں 3 کھلاڑی محمد انعام ، محمد رحمان اور حسن علی جبکہ والی بال میں  14 کھلاڑی شامل ہیں، پی ایس بی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیشنل فیڈریشن محمد وقار احمد دستہ کے خازن اور ایڈمن آفیشل ہوں گے۔

گیمز میں شرکت کے لیے قومی دستے میں شامل والی بال اور  کبڈی  کی ٹیمیں اپنی منزل پر پہنچ چکی ہیں دیگر ٹیمیں اور آفیشلز الگ الگ گروپس کی شکل میں بحرین روانہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ 2 مرتبہ التواء کا شکار ہونے والے ایشین یوتھ گیمز میں 45 ممالک کے 4 ہزار کے لگ بھگ کھلاڑی 26 کھیلوں کے 259 ایونٹس میں اپنی مہارتوں کا اظہار کریں گے۔

2013ء میں چین میں دوسرے ایشین یوتھ گیمز کا انعقاد ہوا تھا،2017ء میں  سری لنکا سے کولمبو میں مجوزہ  گیمز کی میزبانی واپس لے لی گئی تھی جبکہ 2019 میں کوویڈ 19 کی وجہ سے گیمز دوسری  مرتبہ  التوا کا شکار ہوگئے تھے۔

مقبول خبریں