قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ اللّٰہ نے بہترین موقع دیا ہے کہ ہم بہترین ٹیم کے خلاف سیریز جیتیں۔
راولپنڈی میں دوسرے ٹیسٹ میچ سے ایک روز قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے سے مورال بلند ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے ٹیسٹ میچ کی وکٹ آئیڈیل تھی، ہم نے بہترین ابتدا کی ہے، لڑکوں کا مورال بلند ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹاپ آڈر بیٹسمینوں نے اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔ اس طرح کی صورتحال میں سب کنٹری بیوشن کریں تو میچ جیتا جاسکتا ہے۔
اظہر محمود کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ بہترین گیند باز ہے، ہمیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا کہ دو سیمرز کیوں کھلائے ؟
انہوں نے کہا کہ حتمی پلیئنگ الیون کل پچ دیکھنے کے بعد فائنل کریں گے۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنی ہے جس کے لیے پوری منصوبہ بندی کی ہے۔ ہر میچ کو فائنل میچ سمجھ کر کھیلنا ہے۔
اظہر محمود کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 6 میچز پاکستان میں کھیلنے ہیں۔ جب ہوم کرکٹ کھیلتے ہیں تو آپ کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی کنڈیشنز کا فائدہ اٹھائیں۔ 20 وکٹیں کیسے حاصل کرسکتے ہیں اس حساب سے پلان بنانا ہوتا ہے۔