باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، ایک خوارجی ہلاک، دیگر زخمی  حالت میں فرار

خفیہ اطلاعات پر شاہی تنگی کے جنگل میں غار پر گھات لگا کر کارروائی کی گئی، دہشتگردوں کے زیر استعمال اسلحہ، بارود اور مواصلاتی آلات برآمد


ویب ڈیسک October 22, 2025
فوٹو فائل

سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے ایک خوارجی کو ہلاک کردیا جب کہ اس کے دیگر ساتھی زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی باجوڑ کے علاقے میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں فورسز نے شاہی تنگی جنگل میں موجود  خوارجی دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور سرنگوں کا مکمل طور پر صفایا کردیا۔

خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شاہی تنگی کے جنگل میں موجود ایک غار پر گھات لگا کر سکیورٹی فورسز نے  بھرپور کارروائی کی ،  جہاں خوارجیوں اور فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ  بھی ہوا،    جس کے نتیجے میں ایک خوارجی ہلاک اور دیگر زخمی خوارجی علاقے سے فرار ہو گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے علاقے  میں موجود سرنگوں  اور قریبی مقامات کو بھی کلئیر کر دیا  ہے۔ کارروائی کے دوران خوارجیوں کے زیر استعمال اسلحہ، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔

پاک فوج اور سکیورٹی ادارے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

مقبول خبریں