افسوس بلوچستان کے بےشمار قدرتی وسائل اور اس کی دولت اب بھی زمین کے اندر دفن ہے، وزیر اعظم

ملک کی ترقی بلوچستان کی خوشحالی سے براہ راست جڑی ہے، شہباز شریف کا بلوچستان ورکشاپ سے خطاب


ویب ڈیسک October 25, 2025

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ نے بلوچستان کو بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے لیکن افسوس بلوچستان کی دولت ابھی بھی زمین کے اندر دفن ہے، ملک کی ترقی بلوچستان کی خوشحالی سے براہ راست جڑی ہے۔

 

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان منفرد تاریخ، ثقافت اور روایات کا حامل ہے اور وفاق بلوچستان کے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں نیشنل ورکشاپ کے 17 ویں سیشن کے شرکاء سے خطاب کے دوران کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے اولین شرط یہ ہے کہ اتحاد اور بھائی چارے کے جذبے کو تھام کر آگے بڑھا جائے۔

انہوں نے شرکاء سے کہا کہ مسائل کے حل کی پہلی شرط یہ ہے کہ ہم خود پر یقین رکھیں اور ملک میں بسنے والی تمام اقوام ایک خاندان کی طرح ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر آگے بڑھیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ صوبے کی جغرافیائی ساخت ترقی کے سفر میں چیلنج بن گئی ہے۔ دور دراز آبادیوں تک بجلی اور سڑکوں کی فراہمی بڑا مسئلہ ہےجبکہ بلوچستان کی دولت اب بھی زمین کے اندر دفن ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ دہائیوں میں بلوچستان کو نظرانداز کیا گیا، اور کہا کہ بلوچ عوام ہمیشہ کشادہ دل اور مہمان نواز رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بلوچستان کی عوام ترقی اور خوشحالی میں برابر کے شریک ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں مختلف برادریوں کے درمیان دیرپا ہم آہنگی قائم رہی ہے اور صوبے کی ترقی پاکستان کی مجموعی خوشحالی سے جڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مضبوط سڑکوں کے نیٹ ورک کے بغیر تعلیم و صنعت کی ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے وفاق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وفاق کی روح باہمی قربانی اور بھائی چارے میں پوشیدہ ہے اور صوبوں کے درمیان اتفاقِ رائے پاکستان کی مضبوطی کی بنیاد ہے۔ وزیراعظم نے یاد دلایا کہ 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب نے تاریخی قربانی دی اور کہا کہ ہمیں سب کو مل کر ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرے پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور دیگر علاقوں میں دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، اور سکیورٹی ادارے ہر روز امن قائم رکھنے کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ہمارے بھائی ہیں اور انہیں ترقی میں برابر شریک ہونا ہوگا۔

وزیراعظم نے کراچی تا چمن شاہراہ پر روزانہ ہونے والے حادثات اور انسانی جانوں کے ضیاع پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ اس خونی روڈ کو امن کی سڑک میں تبدیل کرنے کے لیے ساڑھے تین سو ارب روپے کی لاگت سے شاہراہ کو دو رویہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ محبت، اتحاد اور عزم کے ساتھ بلوچستان سے پشاور تک ترقی ممکن ہے اور پاکستان کے تمام صوبے ایک خاندان یعنی "پاکستان فیملی" ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ امن، اتحاد اور بھائی چارہ ہی ترقی کی ضمانت ہیں اور ان شاء اللہ پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا۔

 

مقبول خبریں