کراچی، ناردرن بائی پاس پر پلاسٹک کے گودام میں خوفناک آتشزدگی، شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے

آگ کی شدت کے باعث مزید پانچ فائر ٹینڈرز موقع پر طلب کرلیے گئے ہیں


اسٹاف رپورٹر October 30, 2025

کراچی:

شہر قائد میں ناردرن بائی پاس مائی گاڑی کے قریب کھلے میدان میں قائم پلاسٹک کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔

شعلے دور دور تک دکھائی دینے لگے اور فضا میں دھواں پھیل گیا۔

شدت کے باعث مزید پانچ فائر بریگیڈ گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو1122 کی چار اور کے ایم سی کی تین گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق گودام دو ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے جس میں پلاسٹک اور دیگر سامان رکھا گیا تھا۔ تیز ہوا کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی، اور پانی کی قلت کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خوش قسمتی سے آگ لگنے سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ گودام کے ملازمین نے بتایا کہ آگ رات 2 بجے لگی تھی اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں ایک گھنٹہ تاخیر سے موقع پر پہنچیں اگر بروقت پہنچ جاتیں تو آگ اس حد تک نہ پھیلتی۔

فائر بریگیڈ حکام اور ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوششیں جاری ہیں۔

 

مقبول خبریں