27ویں ترمیم، پی ٹی آئی سمیت پارلیمنٹ سے بھاگنے والی جماعتیں سیاست سے بھی دور ہوں گی، وزیر مملکت

صدر کی ایمونٹی سے متعلق کئی ہفتوں سے سیاسی جماعتوں سے تفصیلی مشاورت جاری ہے، طلال چوہدری


ویب ڈیسک November 09, 2025
فوٹو : طلال چوہدری/فیس بک

وفاقی وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت پارلیمنٹ سے بھاگنے والی سیاسی جماعتیں سیاست سے بھی دور ہوتی جائیں گی۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ فیصلے اور قانون سازی کا فورم ہے، اسے دھونس اور دھمکی سے نہیں چلایا جا سکتا۔

انہوں نے بتایا کہ صدر کی ایمونٹی سمیت کئی امور پر بات چیت جاری ہے، زیادہ تر نکات پر اتفاقِ رائے ہوچکا ہے، کوشش ہے کہ باقی معاملات پر بھی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ مختلف جماعتوں اور کمیٹیوں میں بات چیت جاری ہے اور تمام ترامیم پر اتفاقِ رائے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کے پی میں سیاسی حیثیت موجود ہے لیکن ان کا طرزِ عمل انہیں سیاست سے باہر کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 80 نشستوں والی اتنی بڑی جماعت کے پاس سینٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تک نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی کو آن بورڈ لینے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ محمود اچکزئی ہر اسمبلی کا حصہ ہو کر بھی اسے جعلی قرار دیتے ہیں، اگر اسمبلی جعلی ہے تو وہ اس کا حصہ کیوں ہیں؟

طلال چوہدری نے کہا کہ جب دلیل نہ ہو تو لوگ اسمبلی سے بھاگتے ہیں، اگر دلائل مضبوط ہوں تو قانون سازی کو روکا جا سکتا ہے، مگر احتجاج اور بائیکاٹ کی راہ درست نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام ترامیم ایک رپورٹ کی صورت میں جلد سینٹ میں پیش کی جائیں گی، صدر کی ایمونٹی سے متعلق تفصیلات بھی سینٹ میں پیش ہوں گی۔ اس حوالے سے کسی وقت کی حد مقرر نہیں، تاہم کئی ہفتوں سے سیاسی جماعتوں میں تفصیلی مشاورت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ہمیشہ قومی اتفاقِ رائے سے باہر رہے ہیں، وہ آج بھی کسی نہ کسی بہانے اسمبلیوں سے راہِ فرار اختیار کرتے ہیں۔ طلال چوہدری نے مزید کہا کہ اگر دلیل مضبوط ہو تو ساتھ کھڑے ہوں، مگر یہ لوگ ہمیشہ دوڑنے کا بہانہ ڈھونڈتے ہیں۔

مقبول خبریں