کراچی:
مختلف عوامل کے باعث منگل کو 43ویں روز بھی زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
برآمد کنندگان پر عائد 2.5فیصد ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ سرچارج ختم کیے جانے سے برآمدی سرگرمیوں میں متوقع اضافے، ریکوڈک منصوبے میں پہلے سال 2.8ارب ڈالر متوقع سرمایہ کاری اور ایگریکلچر اینڈ فوڈ ایکسپو میں 1ارب ڈالر مالیت کے نئے برآمدی آرڈرز موصول ہونے کی پیشگوئی کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو 43ویں دن بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔
مثبت توقعات کی بدولت کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 24پیسے کی کمی سے 280روپے 36پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔
تاہم درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 04پیسے کی کمی سے 280روپے 56پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 05پیسے کی کمی سے 281روپے 60پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔