کراچی؛ انتظامیہ کی مبینہ غفلت، گلشن اقبال میں کمسن بچہ کھلے مین ہول میں گر کر لاپتہ ہوگیا

اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور ایدھی بحری خدمات کی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئیں اور بچے کی تلاش کا عمل شروع کیا


اسٹاف رپورٹر December 01, 2025
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر کا ایک اور بچہ انتظامیہ کی مبینہ غفلت کا شکار ہوگیا ۔ گلشن اقبال نیپا پل کے قریب معروف ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے سامنے ایک کمسن بچہ کھلے گٹر میں گر کر لاپتہ ہوگیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور ایدھی بحری خدمات کی ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئیں اور بچے کی تلاش کا عمل شروع کیا ۔ اس ہی دوران ماں اپنے لخت جگر کو بچانے کی اپیل کرتی رہی اور جائے وقوعہ پر دہائیاں دیتی رہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق تین سے چار سالہ بچہ اپنے والدین کے ساتھ ڈیپارٹمنٹل اسٹور سے باہر نکلا تھا کہ والدین کا ہاتھ چھڑا کر اچانک بھاگ گیا اور قریب موجود گٹر پر جا کر کھڑا ہوا، جس کو عارضی طور پر گتے کی مدد سے بند کیا گیا تھا۔

گتے کے ٹوٹتے ہی بچہ سیدھا مین ہول میں جا گرا جبکہ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور متعلقہ محکموں کی ٹیم جائے وقوعہ پر موجود ہے، انتظامیہ کی ذمہ داریوں پر خصوصی اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

بچے کے والد نبیل کا کہنا ہے کہ ہم شاہ فیصل کے رہائشی ہیں اور میں اپنی بیوی اور بیٹے کے ہمراہ نیپا شاپنگ مال آیا تھا جب ہم نے شاپنگ کی تو باہر نکلے اور باہر آکر میرا بیٹا ہاتھ چھڑا کر بھاگا۔

والد کا کہنا تھا کہ میری موٹر سائیکل گٹر کے مین ہول کے قریب پارک تھی جبکہ  گٹر کے مین ہول پر ڈھکنا موجود نہیں تھا انہوں نے بتایا کہ میری آنکھوں کے سامنے گٹر میں میرا بیٹا گرا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میرے بیٹے ابراھیم کی عمر تین سال ہے اور یہ میری اکلوتی اولاد تھی، ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت مشکل وقت ہے تاہم ابراہیم کی تلاش جاری ہے۔

مقبول خبریں