واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے واقعے میں نیشنل گارڈ کے ایک اہلکار کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار افغان شہری نے عدالت میں تمام الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔
29 سالہ رحمان اللّٰہ لکنوال کو اسپتال میں زیرِ علاج ہونے کے باعث ویڈیو لنک کے ذریعے مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں اس نے اپنے اوپر عائد الزامات کو رد کردیا۔ دورانِ سماعت وہ شدید تکلیف کے باعث آنکھیں بند کیے رکھا۔
جج رینی ریمنڈ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ شواہد سے واضح ہے کہ ملزم مسلح ہو کر طویل سفر طے کرکے واشنگٹن ایک خاص مقصد کے تحت پہنچا۔
استغاثہ کے مطابق فائرنگ کے وقت ملزم نے مبینہ طور پر ’’اللہ اکبر‘‘ کا نعرہ بھی لگایا تھا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور عدالت نے ملزم کو آئندہ سماعت تک حراست میں رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔