کراچی:
ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی کی ہدایات پر گٹکا اور ماوا فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈسٹرکٹ سنٹرل پولیس کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ نومبر سے اب تک مختلف تھانہ جات کی حدود میں خفیہ اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 80 مقدمات درج کرتے ہوئے 98 ملزمان کو گٹکا ماوا فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔
اس کے علاوہ تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل اور تھانہ شریف آباد کی حدود میں قائم رہائشی مکانوں میں خفیہ طور پر چلنے والی گٹکا ماوا فیکٹریوں پر بھی چھاپے مارے گئے۔
پولیس کے مطابق ان چھاپوں کے دوران 3 مزید ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں 229 کلو چھالیہ، 14 ہزار 317 پیکٹ تیار شدہ گٹکا ماوا، گٹکا بنانے کا سامان، برتن اور ایک لاکھ 71 ہزار 570 روپے نقد رقم برآمد کی گئی۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ جات میں مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ گٹکا ماوا کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔