افغانستان سے غیر قانونی دراندازی بے قابو، خطے کی سلامتی شدید خطرے سے دوچار

پاکستان متعدد بار عالمی برادری کو افغان سرزمین کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے لیے استعمال ہونے کے شواہد فراہم کر چکا ہے


ویب ڈیسک December 21, 2025

افغانستان سے غیر قانونی دراندازی اور دہشت گرد نیٹ ورکس خطے کے ممالک کی داخلی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔ مختلف ممالک نے افغان سرزمین سے پھیلنے والی بدامنی اور غیر قانونی نقل و حرکت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایرانی جریدے ایران انٹرنیشنل کے مطابق متعدد افغان شہری غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ایرانی سرحد پر ہلاک ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق ہلاکتوں کے بعد 15 افغان مہاجرین کی لاشیں کوہسان اور ادَرَسکَن اضلاع منتقل کی گئیں، جبکہ ایران۔افغانستان سرحد پر مجموعی طور پر 40 ہلاکتوں اور کئی افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق افغان باشندے اسلام قلعہ کے راستے غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایک سینئر ایرانی سرحدی کمانڈر نے بتایا کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال اکتوبر تک افغان شہریوں کی غیر قانونی داخلے کی کوششوں میں دگنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال اب تک 16 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین اور پناہ گزینوں کو ایران سے بے دخل کیا جا چکا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق حالیہ 12 روزہ تنازعے کے دوران بعض افغان شہری اسرائیل کے لیے جاسوسی میں بھی ملوث پائے گئے۔

عالمی نشریاتی ادارے کیسپین نیوز کے مطابق بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایران نے رواں سال 300 کلومیٹر طویل سرحدی باڑ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین پر سرگرم منظم دہشت گرد نیٹ ورکس نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان متعدد بار عالمی برادری کو افغان سرزمین کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے لیے استعمال ہونے کے شواہد فراہم کر چکا ہے اور اس مسئلے کے مستقل حل کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔

مقبول خبریں