شکرپڑیاں کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں 30 سالہ شخص جاں بحق جبکہ ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہو گیا جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ شکرپڑیاں میں اوپن ایئر تھیٹر کے قریب پیش آیا جب ایک نامعلوم مسلح شخص نے قریب سے فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گیا۔
مقتول کی شناخت ثناء اللہ ولد امیر نواب عمر کے نام سے ہوئی جو ضلع کرک کا رہائشی تھا اور اسلام آباد میں رہائش پذیر تھا، اسے گولیوں کے سخت زخم آئے اور اسے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا۔اہلکار نے کہا کہ فائرنگ کے دوران کانسٹیبل حسین شاہ جو انٹری پوائنٹ پر چیکنگ ڈیوٹی پر مامور تھا،دائیں ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ اسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر اور مستحکم بتائی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور نے شال اوڑھ کر مقتول کا پیچھا کیا اور انٹری پوائنٹ سے 10 سے 15 میٹر پہلے فائرنگ کی۔ ابتدائی تفتیش سے ذاتی دشمنی کو ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم تمام پہلوؤں کی جانچ کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، فرانزک ثبوت جمع کیے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
پولیس افسران نے کہا کہ حملہ آور کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور واقعے کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔