اکاؤنٹس کمیٹی،این ایچ اے پراربوں کی ریکوری نہ کرنیکا انکشاف

ٹول ٹیکس واجبات26.4ارب روپے، اوورلوڈڈ ٹرکوں سے16 ارب کی ریکوری نہیں کی


آمنہ علی December 31, 2025

اسلام آباد:

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں این ایچ اے پر26.4 ارب روپے ٹول ٹیکس واجبات، اوورلوڈڈ ٹرکوں سے 16 ارب کی ریکوری نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس معین عامر پیرزادہ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں وزارتِ مواصلات کے مالی سال 2023-24 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے پندرہ آڈٹ اعتراضات پر تفصیلی بحث کی گئی۔ٹول ٹیکس واجبات پر سیکرٹری این ایچ اے نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ معاملہ این ایل سی، ایف ڈبلیو او اور نجی کنٹریکٹرز کے سامنے رکھا جا چکا ہے.

کمیٹی رکن بلال مندوخیل نے سوال اٹھایا کہ این ایل سی اور ایف ڈبلیو او کے نمائندے اجلاس میں موجود کیوں نہیں اور یہ واضح کیا جائے کہ جواب دہی کس سے لی جائے۔

حنا ربانی کھر نے کہا کہ معاملہ قانون پر عملدرآمد کا ہے اور یہ تشویشناک ہے کہ جو کمپنیاں معاہدوں کی پاسداری نہیں کرتیں، انہی کے ساتھ دوبارہ معاہدے کر لیے جاتے ہیں۔

شاہدہ بیگم نے ٹول ٹیکس میں مسلسل اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔آڈیٹر جنرل نے وضاحت کی کہ پیش کیے گئے تمام اعدادوشمار این ایچ اے کے فراہم کردہ ہیں اور آڈٹ حکام کا اپنا کوئی ڈیٹا شامل نہیں۔

پی اے سی نے معاملے کو مزید جانچ کے لیے مؤخر کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ واجبات کی وصولی اور قانونی تقاضوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

مقبول خبریں