اسلام آباد:
پاکستان اور چین کے مابین اسٹریٹیجک مذاکرات آئندہ ہفتے بیجنگ میں ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان اور چین کی آہنی برادرانہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوگا۔
دونوں رہنما خطے کی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جامع جائزہ لیں گے جب کہ پاکستان چین کے بنیادی قومی مفادات پر اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرے گا، جس میں دوطرفہ تعاون، علاقائی استحکام اور اسٹریٹیجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر زور دیا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کے چینی ہم منصب 4 جنوری کو بیجنگ میں ہونے والے پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
یہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ ترین مشاورتی فورم ہے، جس کے تحت دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔
ڈائیلاگ کے دوران دونوں وزرائے خارجہ 2026ء میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے مختلف اقدامات اور یادگاری سرگرمیوں کا بھی اعلان کریں گے۔
ترجمان کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان باقاعدہ اعلیٰ سطح روابط کا اہم حصہ ہے اور دونوں ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید وسعت و گہرائی دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔