انرجی ڈرنک کی نقل کرنے پر معروف برانڈ پر کروڑوں روپے جرمانہ

مشروب بنانے والی کمپنی صارفین کو گمراہ کرنے کی مرتکب پائی گئی، کیس کا فیصلہ جاری


ویب ڈیسک January 02, 2026

کمپٹیشن کمیشن نے غیر ملکی برانڈ کی انرجی ڈرنک کی نقل کرنے پر معروف برانڈ پر 15 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

کمپٹیشن کمیشن نے سال 2026 میں پہلا بڑا جرمانہ عائد کر دیا۔ کئی سال سے زیر التوا انرجی ڈرنک کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔

سی سی پی کے فیصلے کے مطابق مشروب بنانے والی کمپنی صارفین کو گمراہ کرنے کی مرتکب پائی گئی۔ مقامی انرجی ڈرنک نے غیر ملکی برانڈ کی انرجی ڈرنک کی پیکجنگ اور مجموعی انداز کی نقل کی۔ رنگ، بوتل، تحریر اور ڈیزائن کی تقل سے صارفین کو گمراہ کیا گیا۔

غیر ملکی برانڈ کی شکایت پر انکوائری کا آغاز کیا گیا تھا۔

فیصلے کے مطابق مقامی برانڈ نے متعلقہ ’’انرجی ڈرنک‘‘ کی شہرت سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جبکہ عدالتی کارروائیوں اور اسٹے لے کر انکوائری میں تاخیر کی۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں مقامی برانڈ کی اپیل ناقابلِ سماعت اور تاخیری حربہ قرار دی گئی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ٹریڈ مارک رجسٹریشن، کمپٹیشن قانون سے استثنا فراہم نہیں کرتی

کمپٹیشن کمیشن کے مطابق معروف برانڈز کی نقل کمپٹیشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، گمراہ کن پیکجنگ اور کاپی کیٹ برانڈنگ پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

مقبول خبریں