کراچی اوپن انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ 2026 فائنل مرحلے میں داخل ہو گیا۔ فائنلز اور اختتامی تقریب اتوار کو ہوگی۔
پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ انعامی رقم 2 لاکھ 42 ہزار 500 ڈالرز کے ٹورنامنٹ میں ڈی ایچ اے کریک کلب پر ہفتہ کو سیمی فائنلز کھیلے گئے۔
مینز ایونٹ کے فائنل میں عالمی جونیئر چیمپئن مصر کے محمد ذکریا کا مقابلہ مسلسل دوسرا اپ سیٹ کرنے والے ہموطن سیڈ 6 آل ابو العنین سے ہوگا۔
ویمن ایونٹ کا فائنل ٹاپ سیڈ عالمی نمبر3 مصر کی امینہ عرفی اور سیڈ 2 ملائیشیا کی سیوا سانگری کے درمیان سبرامنیم ہوگا۔
مینز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ و عالمی نمبر 4 کریم الجواد کو اپ سیٹ شکست کا سامنا رہا۔ان کے ہم وطن سیڈ 3 و عالمی نمبر11 محمد ذکریا نے 53 منٹ کی جہدوجہد کے بعد 0-3 سے کامیابی اپنے نام کی۔
دوسرا سیمی فائنل سابق عالمی چیمپئن و سیڈ 2 انگلینڈ کے محمد الشورباگے اور مصر کے سیڈ 6 و عالمی نمبر 14 آل ابو العنین کے درمیان کھیلا گیا۔ آل ابوالعینن نےمحض27 منٹ میں بآسانی 0-3 سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنالی،آل ابو لعنین نے کوارٹر فائنل میں سیڈ 2 و عالمی نمبر 7 مروان الشوباگے کو ہرا کر اپ سیٹ کیا تھا۔
ویمن ایونٹ میں ٹاپ سیڈ وعالمی نمبر 3 مصر کی امینہ عرفی نے صرف 27 منٹ میں ہم وطن سیڈ 4 و عالمی نمبر 13 نادا عباس کو0-3 سے شکست دے دی۔
دوسرے سیمی فائنل میں عالمی نمبر 7 سیوا سانگری سبرامنیم نے 58 منٹ تک جاری رہنے والے دلچسپ مقابلے کے بعد ہموطن سیڈ 8 و عالمی نمبر 24 عائرہ اذمان کو 2-3 سے مات دی۔