کراچی:
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت سندھ کی جانب سے اجازت ملنے کے باوجود باغ جناح میں جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی مزار قائد پر حاضری کے موقع پر جلسہ ہوگا۔
ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کی ترجمان فوزیہ صدیقی نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسے کی اجازت دینے کے باوجود ہم اس مقام پر جلسہ نہیں کریں گے کیونکہ اب ہم جلسے کی تیاری نہیں کرسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ تحریک انصاف اب آج اتوار کو مزار قائداعظم عوامی گیٹ پر دوپہر 2 بجے عوامی جلسہ کرے گی۔
فوزیہ صدیقی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ حکومت سندھ اپنی لومڑی والی چالبازیوں سے باز نہیں آئے گی اور ہفتے کی شام تک مسلسل تیاریوں کے باوجود ہمیں این او سی جاری نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہفتے کی شام کو سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کراچی قیادت کے ہمراہ باغ جناح میں پریس کانفرنس تک کی تب تک بھی این او سی جاری نہیں کیا گیا اور اچانک سے ڈسٹرکٹ کمشنر ایسٹ نے شام ساڑھے6 بجے این او سی جاری کردیا جو انتہائی بدنیتی پر مبنی ہے۔
فوزیہ صدیقی نے کہا کہ یہ چاہتے ہی نہیں تھے کہ اجازت دی جائے، پی ٹی آئی کو اور حکومت سندھ کو سب معلوم تھا یا یہ پہلے کہہ دیتے کہ پوچھ کے بتائیں گے تو ہمارا وقت ضائع نہیں ہوتا لیکن کل جو عوامی طاقت کراچی میں دیکھ لی، اس سے یہ سب خوف زدہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کو سمجھ ہی نہیں آرہا کہ اب کریں تو کریں کیا، حکومت سندھ لومڑی والے کام نہ کرے، کراچی کے عوام اتوار کو مزار قائد عوامی گیٹ پر دوپہر 2 بجے اپنے مہمان وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ساتھ موجود ہوں گے۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ کراچی میں ہم اب جلسہ عوامی گیٹ کے سامنے کریں گے، اتوار کو کراچی نکلے گا، حکومت سندھ کانپ رہی ہے، حکومت سندھ عوامی طاقت سے کانپ رہی ہے۔