کراچی میں پارک سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والا تین سالہ بچہ 4 روز بعد بازیاب

بچے کی بازیابی پر اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی  


منور خان January 16, 2026

نارتھ ناظم آباد کے فیملی پارک سے 11 جنوری کو مبینہ طور پر اغوا کیے جانے والا بچہ بازیاب ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی ایس پی ناظم آباد کمال نسیم نے نارتھ ناظم آباد بلاک ایف الفتح فیملی پارک سے اغوا کیے جانے والے 3 سالہ انس کو بازیاب کرانے کے بعد اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا،

ڈی ایس پی کمال نسیم کو ڈی آئی جی ویسٹ نے بچے کی بازیابی کے لیے بنائی گئی ٹیم کا سربراہ مقرر کیا تھا جبکہ آئی جی سندھ کی جانب عہدے سے ہٹائے گئے 5 ڈی ایس پیز میں ان کا نام بھی شامل تھا۔

کمسن بچہ 11 جنوری بروز اتوار کو نارتھ ناظم آباد کے بلاک ایف میں واقع فتح پارک سے اغوا ہوا تھا جس کا مقدمہ حیدری تھانے میں گزشتہ روز کزن کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایس ایچ او حیدری عارف کے مطابق بچے کے اہل خانہ کو کال موصول ہونے پر انھوں نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کمسن انس کو لیاقت آباد کے علاقے سے بحفاظت بازیاب کرلیا۔

بچے کی بازیابی پر اہلخانہ کی جانب خوشی کا اظہار کیا گیا، پولیس نے کمسن بچے کی بازیابی کے بعد قانونی کارروائی کے بعد بچہ اہلخانہ کے حوالے کر دیا۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی نے بچے کی بازیابی پر ٹیم کو مبارک باد پیش کی جبکہ والدین نے بھی پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

 

مقبول خبریں