لاہور:
شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے جوتوں میں پیسے چھپا کر 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
شہزاد خالد نامی ملزم نے پولیس کو 15 پر فون کرکے بتایا تھا کہ دو ڈاکو موٹر سائیکل پر آئے اور گن پوائنٹ پر 1 لاکھ 50 ہزار کی رقم چھین کر فرار ہوگئے۔
ایس پی سٹی کی ہدایت پر شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے کال پر فوری ریسپانس دیا، وقوعہ کی تصدیق نہ ہونے پر کیمروں کو چیک کیا گیا۔
دوران انٹیروگیشن ملزم زیادہ دیر تک پولیس کو چکما نہ دے سکا، نجی کمپنی کا سیلز مین ملزم اپنے مالک کے پیسوں کو خورد برد کرنا چاہتا تھا اس لیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا۔
پولیس کی پوچھ گچھ نے ملزم شہزد کے جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا، ملزم کے قبضہ سے خورد برد کی ہوئی رقم برآمد کرلی گئی۔
ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزم نے پیسوں کو اپنے جرابوں میں چھپا لیا تھا، شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔