انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ

اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 281روپے کی سطح پر مستحکم رہی


احتشام مفتی January 16, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت کی محتاط مالیاتی و زرمبادلہ پالیسی کے ذریعے معاشی استحکام کی جانب پیش رفت، عالمی بینک کی رواں سال 3فیصد معاشی نمو کی پیش گوئی، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تسلسل سے اضافے اور متحدہ عرب امارات سے ڈھائی ارب ڈالر کے قرضے کم شرح سود کے ساتھ رول اوور ہونے کی توقعات کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں جمعے کو 81ویں دن ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

ایکس چینج کمپنیوں کو "راست" سسٹم استعمال کرنے کی اجازت سے ترسیلات زر براہ راست بینک اکاونٹس میں وصول ہونے جیسے اقدامات، افراط زر کی شرح قابو میں رہنے اور ریکوڈک منصوبے میں غیرملکیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری دلچسپی کی خبروں سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیئے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔

مارکیٹ میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 21پیسے کی کمی سے 279روپے 75پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم کاروباری دورانیے میں زرمبادلہ کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر ایک پیسے کی کمی سے 279روپے 95پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 281روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

مقبول خبریں