گل پلازہ آتشزدگی نے سندھ حکومت اور نااہل بلدیاتی قیادت کو بے نقاب کردیا، لیاقت بلوچ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹی 20 ورلڈ کپ امارات منتقل کرے، نائب امیر جماعت اسلامی


ویب ڈیسک January 19, 2026
فوٹو: فائل

لاہور:

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ گل پلازہ آتشزدگی نے سندھ حکومت اور نااہل بلدیاتی قیادت کو بے نقاب کردیا ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی ہولناک اور خوفناک ہے جس میں بڑا نقصان ہوا ہے، متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کراچی روشنیوں کا شہر ہے جہاں سے اب کرپشن اور ٹینکر کے نیچے کچلنے کی خبریں آتی ہیں۔ کراچی کا بلدیاتی نظام اور وہاں کی حکومت شہریوں کیلئے عذاب بن گئی ہے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سندھ میں 17 سال سے پیپلز پارٹی حکومت مسلط ہے، کراچی میں جماعت اسلامی اکثریت چھین کر مئیر شپ مسلط کی گئی، کراچی کھنڈر بن گیا پیپلز پارٹی  بااختیار بلدیاتی نظام دینے کو تیار نہیں۔

  لیاقت بلوچ نے کہا کہ پنجاب بلدیاتی قانون کے خلاف عوامی ریفرنڈم مکمل ہوگیا ہے، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان 20 جنوری کو عوامی ریفرنڈم کے نتائج اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو سبوتاژ کر رہا ہے، بھارت کرکٹ کے کھیل کو زہر آلود کر رہا ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ورلڈ کپ کو بھارت سے امارات منتقل کرے۔

مقبول خبریں