کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم سرد ہوگیا، بارش کا سلسلہ رات تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق صائمہ عریبین ولاز، سرجانی، البیلہ، لسبیلہ، گارڈن ایسٹ، شو مارکیٹ، رامسوامی، سوک سیںٹر گلشن اقبال، نارتھ کراچی، یوپی موڑ، ناگن چورنگی میں بارش سے موسم سرد ہوگیا۔
ایم اے جناح روڈ، نرسری، ایف ٹی سی، ائیرپورٹ، ملیر، گلشن حدید، شاہ فیصل بارش، گلشن معمار، احسن آباد، جامعتہ الرشید اور ملحقہ علاقوں میں بارش ہوئی۔
شہر میں چلنے والی تیز ہوائیں یخ بستہ ہواؤں میں تبدیل ہوگئیں، مضافاتی علاقوں سمیت کچھ میں گرد آلود ہوائیں چل پڑیں۔
محکمہ موسمیات نے آج دوپہر سے شام کے درمیان گرج چمک کے ساتھ درمیانی و ہلکی بارش جبکہ آندھی چلنے کی بھی پیشگوئی کی تھی۔
شہر میں مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے اثرات نمودار ہونا شروع ہوگئے، ہواؤں کی رفتار بتدریج بڑھ رہی ہے جبکہ ہوا کی رفتار 40 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہو رہی ہے، دن بھر چلنے والی ہواؤں کی رفتار 50 سے 55 کلو میٹر تک تجاوز کر سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آج صرف جمعرات تک برقرار رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 3 گھنٹوں کے دوران سندھ میں بارش کا امکان ہے، بارش برسانے والا سسٹم مغربی سندھ کے علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔ دادو، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، جامشورو، حیدرآباد اور گردونواح میں بارش متوقع ہے۔
کراچی میں سردی کی شدت چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ کل بلوچستان کی سرد ہوائیں چلنے کے باعث کم سے کم درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خُشک رہنے کا امکان ہے، آج صبح ہلکی دُھند کے باعث حدِ نگاہ 2 کلومیٹر اور نمی کا تناسب 84 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ آج کم سے کم درجہ حرارت 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔