خیبر پختونخوا؛ مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون و بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق، 16 زخمی

کوہاٹ ٹنل کے قریب مسافر کوچ اور ایف سی بس میں حادثے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے


ویب ڈیسک January 22, 2026

خیبر پختونخوا میں  مختلف ٹریفک حادثات میں  خاتون و بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق  اور 16 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی خان میں مین انڈس ہائی وے پر کوہاٹ ٹنل کے قریب مسافر کوچ اور ایف سی بس کے درمیان افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق حادثے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حادثے میں ایک مرد اور ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جب کہ مجموعی طور پر 13 افراد شدید زخمی ہوئے۔

اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو 1122 کوہاٹ کنٹرول روم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے میڈیکل ٹیموں کو موقع پر روانہ کیا، جنہوں نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں جمشمد جمشاد ولد شاہ نواز عمر 32 سال سکنہ ٹانک اور ایک نامعلوم خاتون شامل ہیں جن کی عمر تقریباً 45 سال بتائی گئی ہے۔ زخمیوں میں مسماة الف زوجہ فہیم عمر 21 سال، مسماة د زوجہ نامعلوم عمر 19 سال، خان زمان ولد سلیم شاہ عمر 25 سال، غنی شاہ ولد یا پوتا عثمان شاہ عمر 34 سال، حلیم خان ولد شبیر خان عمر 40 سال سکنہ سورگل، عامر نواز ولد شیر زمان عمر 40 سال سکنہ پشاور، منصور خان ولد زرداد خان عمر 58 سال سکنہ تختی نصرتی، شیر عالم ولد علی بٹ خان عمر 46 سال سکنہ وزیرستان، خالد ولد بخت دوران عمر 37 سال سکنہ وزیرستان، آصف ولد گل شریف عمر 30 سال سکنہ لکی مروت، بابر سلیم ولد محبت شیر عمر 40 سال سکنہ پشاور، عثمان ولد نصیب اللہ عمر 9 سال سکنہ کرک اور وصال ولد نائز عمر 17 سال سکنہ کرک شامل ہیں۔

علاوہ ازیں ضلع خیبر میں میدان سے آنے والی ایک گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ارشاد مہمند کے مطابق علاقہ کمرخیل میں گاڑی الٹنے کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی بچوں کو طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں