سانحہ گل پلازہ؛ ملبے سے اب صرف انسانی ہڈیاں مل رہی ہیں، کے ایم سی فائر آفیسر

گل پلازہ کے بیسمنٹ اور ملبے کے اوپر موجود ڈیزل ٹینک میں دوبارہ لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، ظفر خان


ویب ڈیسک January 23, 2026

کراچی:

کے ایم سی کے محکمہ فائر بریگیڈ کے فائر آفیسر ظفر خان کا کہنا ہے کہ گل پلازہ عمارت کے ملبے سے لاشوں کے بجائے اب صرف انسانی ہڈیاں مل رہی ہیں۔

آگ سے متاثرہ عمارت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران فائر آفیسر نے بتایا کہ بلڈنگ کا اسٹرکچر انتہائی مخدوش ہو چکا ہے تاہم ملبے میں ممکنہ طور پر دبے افراد کی تلاش کے لیے سرچنگ آپریشن جاری ہے۔

فائر آفیسر ظفر خان نے مزید بتایا کہ 67 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور 77 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔

انکا کہنا تھا کہ گل پلازہ کے بیسمنٹ اور ملبے کے اوپر موجود ڈیزل ٹینک میں دوبارہ لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسن کی فائنل فہرست 77 ہے، مزید کوئی لاپتا ہے تو وہ رابطہ کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملبے سے تلاش جاری ہے اور سرچنگ کا کام آج مکمل کر لیا جائے گا، ایس بی سی اے کی ٹیم یہاں تعینات ہے اور انکی نگرانی میں تمام کام ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ ریسکیو کا کام ساتویں روز بھی جاری ہے اور اب تک 85 فیصد ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا، پلازہ کے مختلف حصوں میں ریسکیو ٹیموں کا سرچنگ آپریشن رات گئے جاری رہا۔

واقعے میں 67 افراد جاں بحق ہوچکے اور 77 افراد تاحال لاپتا ہیں، 15 افراد کی شناخت کر لی گئی جبکہ 8 افراد کی شناخت ڈی این اے اور باقی لاشیں مکمل تھیں۔

پلازہ سے نکلنے والا ملبہ پاک کالونی میوہ شاہ قبرستان منتقل کیا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں