کراچی: ابراہیم حیدری میں مبینہ مقابلہ میں انتہائی مطلوب بھتہ خور ہلاک

ملزم کی شناخت غنی الرحمن عرف عبدالغنی کے طور پر ہوئی، پولیس حکام


اسٹاف رپورٹر January 24, 2026

کراچی:

اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ کے ساتھ ابراہیم حیدری میں مبینہ مقابلہ میں انتہائی مطلوب بھتہ خور ہلاک ہوگیا۔

ترجمان ایس ایس پی ایس آئی یو / سی آئی اے کراچی کے مطابق ایس آئی یو نے  انتہائی مطلوب بھتہ خور ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر ابراہیم حیدری کے علاقہ میں کارروائی کی، دوران کارروائی ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

 فائرنگ کے تبادلے میں ایک بھتہ خور ملزم ہلاک ہوگیا۔ ہلاک بھتہ خور ملزم سے پستول اور موبائل بھی برآمد ہوا۔ ملزم کی شناخت غنی الرحمن عرف عبدالغنی کے طور پر ہوئی۔ ہلاک ملزم بھتہ خوری کے دوران فائرنگ کے متعدد واقعات میں ملوث تھا۔ 

جنوری 2023 میں بھتہ خور ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بنارس میں بھتہ نہ دینے پر ایک تاجر کو قتل کیا تھا۔ 2022 میں گلشن معمار کی حدود میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو ہلاک کرنے میں بھی مذکورہ ملزم ملوث تھا۔ 

مذکورہ ملزم کراچی کے علاقوں بنارس میں قصاب کی دکان سے دو کروڑ، پینٹ کی دکان سے چالیس لاکھ، اورنگی ٹاؤن سے قصاب کی دکان سے ایک  کروڑ، اور صدر کے علاقے میں مٹھائی کی دکان سے پانچ کروڑ بھتہ طلبی کے کیسز میں ملوث تھا۔ 

کراچی کے علاوہ مذکورہ ملزم پشاور میں بھی بھتہ خوری میں ملوث تھا۔ ملزم بھتہ خوری، دہشت گردی، غیر قانونی اسلحہ جیسے سنگین نوعیت کے متعدد کیسز میں پولیس کومطلوب تھا، ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

مقبول خبریں