وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاسپورٹس کی درخواستوں، پرنٹنگ اور کارکردگی کے جدید ترین مانیٹرنگ نظام '' شکرا'' کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں 24/7 مانیٹرنگ روم اور کال سنٹر بھی فعال ہے جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ کے نظام کو بھی ڈیجیٹل کر دیا گیا۔
محسن نقوی نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے پر ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پاسپورٹ سسٹم کو اب دنیا کے بہترین ممالک کے نظام کے مطابق ڈھال دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے نظام سےپاکستان و دنیا بھر میں پاسپورٹ درخواستوں اور ڈیلیوری کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کی ممکن ہو گی۔ پاسپورٹ کے اپلائی ہونے سے ڈیلیوری تک ہر مرحلے پر نگرانی کی جا سکے گی۔ ہمارا مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی تیز رفتار اور محفوظ خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مانیٹرنگ کے جدید نظام سے محکمہ پاسپورٹس کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔ پاکستانی پاسپورٹ کے سیکورٹی فیچرز کو آئی سی اے او سٹینڈرڈز کے مطابق بنایا گیا ہے۔ جدید آٹومیٹک جرمن مشینوں سے محکمے کی استعدادکار میں اضافہ ہوا ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ مزید برآں نیٹ ورک میجمنٹ سسٹم کے تحت بیک لاگ اور مشینری اسٹیٹس بھی مانیٹر ہوگا۔