اسلام آباد:
مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیرٹری بل زیر غور آنا تھا تاہم وزیر اور سیکریٹری ہاؤسنگ کی عدم شرکت پر کمیٹی اراکین نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران اراکین کمیٹی نے کہا کہ اتنا اہم بل ہے لیکن نہ وزیر اور نہ ہی سیکریٹری اس کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جب تک سیکریٹری موجود نہیں ہوں گے تو بات کیسے آگے بڑھے گی۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ گزشتہ دو اجلاسوں سے نہ وزیر اور نہ ہی سیکریٹری شرکت کر رہے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے واضح کیا کہ انہیں نیت پر کوئی شک نہیں مگر مسلسل غیر حاضری تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ بل میں بیمہ کا ذکر شامل ہے جس سے وہ بطور مسلمان متفق نہیں ہیں اور سوال اٹھایا کہ اس کی ذمہ داری کون لے گا اور جواب دہی کس کی ہوگی۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ اس صورتحال پر سخت احتجاج کیا جائے اور اگلی میٹنگ میں وزیر اور سیکریٹری کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے زور دیا کہ اگلے اجلاس میں دونوں حکام کا آنا لازمی ہونا چاہیے تاکہ کام کرنے میں آسانی ہو۔ کمیٹی رکن ابرار احمد نے کہا کہ جب کوئی ذمہ دار افسر اجلاس میں موجود ہوگا تو امور کو آگے بڑھانا آسان ہوگا۔ چیئرمین کمیٹی نے مزید کہا کہ کمیٹی نے وقت نکالا تاکہ بل کو جلد از جلد منظور کیا جا سکے، مگر کمیٹی رکاوٹ نہیں بلکہ مسئلہ متعلقہ وزیر کی عدم سنجیدگی ہے۔
وزیر اور سیکریٹری کی عدم موجودگی کے باعث قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس بل پر غور کیے بغیر ہی ملتوی کر دیا گیا۔