محدود وسائل کے باوجود مقررہ ہدف سے زائد ریوینیو حاصل کیا، کسٹمز بلوچستان

گزشتہ ایک سال کے دوران 98 ارب روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کیا گیا ہے


سردار حمید خان January 27, 2026

چیف کلیکٹر کسٹمز بلوچستان مسعود احمد نے کہا ہے کہ محدود وسائل، کم نفری اور نامساعد حالات کے باوجود کسٹمز کے افسران اور عملے نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران مقررہ ہدف سے زائد ریونیو حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے معاشی صورتحال کو بہتر بنانے میں کسٹمز اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسٹمز کلیکٹریٹ کوئٹہ میں عالمی کسٹمز ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیڈرل ٹیکس محتسب بلوچستان کے ایڈوائزر توصیف احمد قریشی، کلیکٹر انفورسمنٹ ڈاکٹر کرم الٰہی سمیت کسٹمز کے دیگر افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔

چیف کلیکٹر کسٹمز مسعود احمد نے کہا کہ دنیا بھر میں آج کسٹمز ڈے منایا جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد اسمگلنگ کی روک تھام اور قانونی تجارت کا فروغ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر خصوصاً اس خطے میں اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایف سی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران 98 ارب روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کیا گیا ہے اور یہ کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

مقبول خبریں