کراچی: پاک کالونی میں ڈاکوؤں نے گھر سے 50 تولہ سونا اور لاکھوں روپے نقدی لوٹ لی

ابتدائی تفتیش میں کچھ شواہد مشکوک پائے گئے ہیں، پولیس


اسٹاف رپورٹر January 28, 2026

کراچی:

پاک کالونی میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو 50 تولہ سے زائد سونا، 10 لاکھ روپے نقدی، قیمتی گھڑیاں اور سامان لے اڑے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح پاک کالونی تھانے کے علاقے پاک ماڈرن کالونی بڑا بورڈ کے قریب گھر میں مبینہ ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں نے اہلخانہ کو یرغمال بنانے کے بعد مبینہ طور پر گھرسے 50 تولہ سے زائد سونا، 10 لاکھ روپے نقدی، قیمتی گھڑیاں اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔

واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور  پولیس نے فوری کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پر طلب کرلیا، ایس ایچ او پاک کالونی وقار اعوان کا کہنا ہے کہ مدد گار 15 پولیس کو40 تولہ سونا اور 9 لاکھ روپے لوٹنے کی اطلاع ملی تھی۔

ابتدائی تفتیش میں کچھ شواہد مشکوک پائے گئے ہیں، گھر کی دیوار کود کر اندرآنے کے شواہد نہیں مل سکے، گھر کے مرکزی گیٹ اوراندر گرل پر بھی تالا نہیں لگا تھا، گھر والوں کا کہنا ہے کہ وہ گیٹ اور گرل پرتالا لگانا بھول گئے تھے۔

ممکنہ طور پر گھر کے دروازے سے ڈاکو اندر آئے ڈاکوؤں کی تعداد 3 سے 5 کے درمیان تھی، ڈاکوؤں نے کمرے میں رکھے زیورات، نقدی او دیگر سامان لوٹا اور 15 منٹ کے اندر واردات انجام دینے کے بعد موقع پر سے فرارہوگئے۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ زیوارت 3 ڈبوں میں تھے، اتنے زیوارت 3 ڈبوں میں کیسے آسکتے ہیں؟ جس وقت ڈاکوؤں نے واردات انجام دی اس وقت گھر میں گھر کے سربراہ ان کی اہلیہ اوربیٹا بیٹی موجود تھے، متاثرہ خاندان کے سربراہ کا ماضی میں کارخانہ تھا جو بند ہوچکا۔

گھر کی بہو نائٹ شفٹ میں اسپتال میں جبکہ بیٹا بیٹی گارمنٹس فیکٹری میں جاب کرتے ہیں، متاثرہ خاندان کے مطابق ڈاکوؤں نے کمرے میں تمام افراد کو بند کرکے واردات کی، انہوں نے بتایا کہ گھر میں سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں۔

پولیس گھر کے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ جیو فینسگ بھی کرائی جا رہی ہے، ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ پولیس نے شواہد کی روشنی میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مقبول خبریں