کراچی میں گھر کے کمرے میں آگ بھڑکنے سے بزرگ شہری جھلس کر جاں بحق ہوگیا 

متوفی سگریٹ پینے کا عادی تھا جو کھانے کے بعد کمرے میں جا کر ممکنہ طور پر سگریٹ پی رہا تھا کہ بستر میں آگ لگ گئی


منور خان January 28, 2026

شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 8 نورانی مسجد کے قریب گھر میں آتشزدگی کے دوران جھلس کر بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 8 نورانی مسجد کے قریب گھر میں آتشزدگی کے دوران جاں بحق ہونے والے 80 سالہ بزرگ کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

متوفی کی شناخت 80 سالہ قمر الدین ولد سیف اللہ کے نام سے ہوئی۔ ایس ایچ او ارشد علی خان نے بتایا کہ متوفی سگریٹ پینے کے عادی تھے جو معمول کے مطابق رات کا کھانا کھانے کے بعد اپنے کمرے میں جا کر ممکنہ طور پر سگریٹ پی رہے تھے کہ اس دوران بستر میں آگ لگی۔

انہوں نے بتایا کہ کمرے سے دھواں بھرنے پر اہل خانہ جب پہنچے تو قمرالدین آگ لگنے سے شدید جھلس کر زخمی ہوگئے تھے اور  انھیں تشویشناک حالت میں اسپتال منقتول کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

راشد علی نے مزید بتایا کہ انھوں نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا ہے آگ لگنے سے متوفی کی چارپائی اور بستر جلا ہوا پایا گیا تاہم پولیس اہلخانہ سے مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

مقبول خبریں