بنگلا دیش کرکٹ بورڈنے انڈر 19 ورلڈکپ میں آئی سی سی پر غیر منصفانہ رویے کا الزام عائد کردیا۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ(بی سی بی) نے انڈر 19 ورلڈکپ سے باہر ہونے کی وجہ آئی سی سی کے شیڈول اور غیر منصفانہ رویے کو قرار دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی بی نے انڈر 19 ورلڈکپ میں ذاتی خرچے پر ٹیم کے سفر کا انکشاف کیا ہے۔
بی سی بی کے گیم ڈویلپمنٹ کوآرڈینیٹر حبیب البشر کا کہنا ہے کہ ٹیم کی خراب کارکردگی غیر منصفانہ شیڈول کے باعث ہے۔
حبیب البشر کا کہنا ہے کہ سفری شیڈول نے ہماری ٹیم کو سب سے زیادہ متاثر کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارا شیڈول کافی غیرمنصفانہ تھا، ابتدائی شیڈول کے مطابق ہم نے دو وارم اپ میچز ماسونگو میں کھیلنے تھے جہاں سے بلاوایو جانا تھا، بعد میں آئی سی سی نے اچانک شیڈول تبدیل کیا اور میچز دو الگ وینیوز پر کھیلنے پڑے۔
حبیب البشر نے کہا کہ ہم نے آئی سی سی کو سفری بوجھ کی وجہ سے میچز منتقل کرنے کا کہا مگر ہماری نہیں سنی گئی۔