پاکستان اور کینیڈا کا تجارت، کان کنی اور زرعی شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان عالمی سرمایہ کاری اور شراکت داری کے ذریعے تجارت، زراعت اور توانائی کے شعبوں کو مستحکم کر رہا ہے


ویب ڈیسک February 03, 2026
فائل فوٹو

اسلام آباد:

ایس آئی ایف سی کی فعال سفارتی و معاشی حکمتِ عملی سے پاکستان عالمی اسٹریٹجک شراکت داریوں کے نئے دور میں داخل ہوگیا۔

پاکستان عالمی سرمایہ کاری اور شراکت داری کے ذریعے تجارت، زراعت اور توانائی کے شعبوں کو مستحکم کر رہا ہے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں تجارت، سرمایہ کاری، معدنیات، زراعت اور توانائی کے شعبوں میں وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے دنیا کی سب سے بڑی معدنیاتی کانفرنس پراسپییکٹرز اینڈ ڈیولپرز ایسوسی ایشن آف کینیڈا 2026 میں شرکت پر بھی بات چیت ہوئی۔ یہ کانفرنس پاکستان کی معدنیات کو عالمی سرمایہ کاروں سے متعارف کروائے گی اور پاکستانی کان کنی کمپنیوں کے کینیڈین ماہرین سے رابطہ کا باعث بنے گی۔

پاکستان اور کینیڈا نے ڈیری اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں بھی تعاون، جدید فارمینگ، جینیٹکس اور وباوں کے  کنٹرول کے ذریعے پیداوار اور معیار بڑھانے پر اتفاق کیا۔ پاکستان میں قابل تجدید توانائی میں کینیڈین سرمایہ کاری، وقت پر منظوری اور باقاعدہ قوانین کی منظوری کو اہم قرار دیا گیا۔

دوطرفہ اقتصادی تعلقات مضبوط کرنے، ادارہ جاتی روابط بڑھانے اور پرائیویٹ سیکٹرکی شمولیت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ  کیا گیا۔

پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کامیاب اقدامات اور سرمایہ کاری کے مواقع قومی معیشت کے لیے روشن مستقبل کی نوید ہیں۔ ایس آئی ایف سی پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا  کر رہی ہے۔

مقبول خبریں