اسلام آ باد:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے دورے پر موجود قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کو نشان پاکستان سے نواز دیا۔
ایوان صدر میں صدر آمد پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف کا استقبال ہوا اور ان کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جہاں صدر مملکت نے قازقستان کے صدر کو نشان پاکستان سے نوازا، اس موقع پر وزیر اعظم شریف بھی موجود تھے۔
قبل ازیں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورت حال اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف آگے بڑھانے کے لیے قازقستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
صدر مملکت نے سیاسی، اقتصادی اور علاقائی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور علاقائی خوش حالی کے مشترکہ وژن پر مبنی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے علاقائی روابط نہایت اہم ہیں۔
انہوں نے امن، مذاکرات اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا اور وسیع تر خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ علاقائی چیلنجز کا مقابلہ محاذ آرائی کے بجائے تعاون کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔
اس موقع پر قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف نے کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے فروغ، علاقائی روابط کے استحکام اور مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔