پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپورجوش وجذبے سے منایا جارہا ہے٫ ایک منٹ کی خاموشی، ڈی چوک میں وفاقی وزرا کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔
اسلام آباد یومِ یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب ڈی چوک میں ہوئی جس کی قیادت وفاقی وزیربرائے امور کشمیر امیر مقام نے کی، کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
وزارتِ امورِ کشمیر کے زیرِ اہتمام مرکزی یکجہتی واک چائنا چوک سے ڈی چوک تک نکالی گئی۔واک میں وفاقی وزارتوں کے افسران، سول سوسائٹی، طلبہ، خواتین، بچوں، حریت قیادت کے نمائندوں اور آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے عہدیداران نے بھرپور شرکت کی۔
شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم تھام رکھے تھے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
ڈی چوک پہنچنے پر صبح دس بجے سائرن بجایا گیا اور کشمیری شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
تقریب کے دوران مظلوم کشمیری عوام کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرامیر مقام نے کہا کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی ایک دن ضرور کامیاب ہو گی۔ حریت قیادت کشمیر کاز کے لیے عظیم قربانیاں دے رہی ہے اور پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز بنتا رہے گا۔آج پورا پاکستان سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے۔ بھارت کشمیری عوام پر مظالم چھپا رہا ہے، مگر حقائق دنیا کے سامنے آ کر رہیں گے۔
وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس موقع پر کہاپاکستان کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرتا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں تعلیمی ادارے بند کر کے بچوں کا مستقبل تاریک کر رہا ہے۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی قاسم نون نے کہا پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی آزادی کے لیے آواز بلند کرے گا۔ کشمیر میں ظلم اب بند ہونا چاہیے۔