اسلام آباد:
ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف 2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نور خان ایئر بیس پر ازبکستان کے صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر معزز مہمان کو توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی جب کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان بھی استقبال کے موقع پر موجود تھے۔
ازبک صدر کے دورے کو دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس آمد
معزز مہمان وہاں سے وزیراعظم ہاؤس پہنچے ان کے اعزاز میں وہاں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، وزیراعظم نے استقبال کیا، مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی، دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے۔
وزیراعظم نے وہاں موجود کابینہ ارکان کا تعارف بھی کرایا۔