کراچی:
شہر قائد کے میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری سڑکوں کی بحالی اور ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر محکمۂ انجینئرنگ کے افسران نے میئر کراچی کو جاری منصوبوں، پیش رفت اور معیارِ تعمیر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
میئر کراچی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں، کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری کے ساتھ ساتھ شہر کی شاہراہوں کو خوبصورت بنانا بھی اولین ترجیح ہے تاکہ کراچی کا مجموعی منظرنامہ بہتر ہو۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کی مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس عمل کو مزید تیز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اب عملی طور پر واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے۔
میئر کراچی نے کہا کہ یہ سال تبدیلی کا سال ہے اور کراچی کے شہری اس کے مثبت اثرات جلد محسوس کریں گے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اب صرف وضاحتیں اور فائلوں تک محدود رپورٹس کافی نہیں، بلکہ سڑکوں اور شاہراہوں پر عملی اور نمایاں کام ہر صورت نظر آنا چاہیے۔