23 اپریل کومتحدہ بھاری اکثریت سے جیتے گی الطاف حسین

ارباب اختیار سعودی عرب فوج بھیجنے کے معاملے پر ملکی بقا وسالمیت کودیکھیں، الطاف حسین


Monitoring Desk April 07, 2015
ارباب اختیار سعودی عرب فوج بھیجنے کے معاملے پر ملکی بقا وسالمیت کودیکھیں، الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

KARACHI: ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایسے حالات پیدا نہ ہوجائیں کہ میں کارکنوں کے درمیان آجاؤں۔تحریک انصاف کی ریلی پر ایم کیو ایم کے کارکنوں یا ذمے داروں نے حملہ نہیں کیا، کریم آباد کا واقعہ اہل علاقہ کا غصہ تھا جو انھوں نے نکالا۔23 اپریل کو خواتین ووٹ ڈالنے جائیں ، مرد گھروں میں کام کریں، خواتین کے ووٹ ڈالنے کے بعد مرد پولنگ اسٹیشن جائیں، 23 اپریل کی شام نتیجہ آئے گا اور ایم کیو ایم بھاری اکثریت سے جیتے گی۔

پیر اور منگل کی درمیانی رات عزیز آباد میں کارکنوں و ذمے داروں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کیخلاف کیا کیا پروپیگنڈے نہیں کیے گئے لیکن اللہ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے۔ اسمبلیوں میں تحریک انصاف کی رسوائی سب کے سامنے ہے، جو رکن 40 روز تک غیر حاضر رہتا ہے، اس کی رکنیت معطل ہوجاتی ہے۔

آج اسمبلیوں کو جعلی کہنے والے خود ہی اسمبلی پہنچ گئے۔علاوہ ازیں پیرکو موجودہ صورتحال پر الیکٹرونک میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ ارباب اختیار سعودی عرب فوج بھیجنے کے معاملے پر ملکی بقا وسالمیت کودیکھیں،بشمول الطا ف حسین ہر مسلمان کے دل میں خانہ کعبہ اورمسجدنبوی ؐ کابہت احترام ہے اورخدانخواستہ وقت پڑا تومیں بھی تمام مشکلات کی زنجیریں توڑکرخانہ کعبہ اورمسجدنبویؐ کی حرمت وتقدس کی سلامتی کے لیے دوڑا چلاجاؤں گالیکن اس وقت معاملہ خانہ کعبہ یامسجدنبویؐ کانہیں بلکہ سعودی عرب اوریمن کاہے۔

دریں اثناقائد متحدہ الطاف حسین اورجمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمن کے درمیان آج فون پرگفتگوہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ صورتحال خصوصاً یمن اورسعودی عرب کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیاکہ پاکستان کواپنی فوجیں سعودی عرب یایمن نہیں بھیجناچاہیے۔

 

مقبول خبریں