ڈیڑھ ارب کے رمضان ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی گئی

گھی، کوکنگ آئل، دالوں، چاول، چائے، دودھ اور مشروبات سمیت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 18 اشیا کی قیمتوں میں ریلیف دیا جائیگا


INP/Numainda Express May 01, 2015
گھی، کوکنگ آئل، دالوں، چاول، چائے، دودھ اور مشروبات سمیت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 18 اشیا کی قیمتوں میں ریلیف دیا جائیگا۔ وزیرخزانہ فوٹو: فائل

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں ایک ارب 50 کروڑ روپے کے رمضان پیکیج کی منظوری دے دی گئی ہے۔ رمضان ریلیف پیکیج پر عملدرآمد 16 جون سے ہوگا۔

گزشتہ برس حکومت نے ایک ارب 40کروڑ روپے کا پیکیج دیا تھا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ قیمتوں میں کمی کے موجودہ رجحان کے باوجود حکومت نے عوام کو خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو گھی، کوکنگ آئل، دالوں، چاول، چائے، دودھ اور مشروبات کی خریداری کے لیے ایک ارب روپے دیے جائیں گے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر 18 اشیا کی قیمتوں میں ریلیف دیا جائے گا، یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیا کی قیمتوں میں 5روپے سے 10روپے تک کی کمی ہوگی۔

کابینہ کمیٹی نے ایف بی آر کو خام تیل، موٹر اسپرٹ آئل اور فرنس آئل پر 2 فیصد جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 2.5 فیصد ڈیوٹی عائد کرنے کی منظوری دی۔ پی آئی اے کو اپنے بیڑے میں 15طیارے ڈرائی لیز پر شامل کرنے کے لیے 35.96 ملین ڈالر کے معاہدے اور سی پی پی اے کو این ٹی ڈی سی سے الگ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

مقبول خبریں