کراچی میں ابھی بہت کچھ کرناہے وزیر داخلہ

افواج پاکستان نےبڑی کامیابیاں حاصل کیں اور شمالی وزیرستان اورفاٹا کےعلاقےپرپاکستان کا جھنڈا سربلند کیا، چوہدری نثار


APP/Numaindgan Express May 05, 2015
افواج پاکستان نےبڑی کامیابیاں حاصل کیں اور شمالی وزیرستان اورفاٹا کےعلاقےپرپاکستان کا جھنڈا سربلند کیا، چوہدری نثار۔ فوٹو: فائل

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رہیگا، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں کمی آئی، آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، افواج پاکستان نے اپنی قربانیوں سے اڑھائی تین ماہ کے اندر ناممکن کو ممکن کر دکھایا، پاکستان کے تحفظ کے لئے تمام سیاسی جماعتیں، سول و عسکری قیادت یکجا ہیں۔

پیر کو سینیٹ میں نیشنل ایکشن پلان پر بحث سمیٹتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 2013 میں جب اقتدار سنبھالا تو روزانہ 5 سے 6 دھماکے ہوتے تھے، ہم نے مذاکرات سے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی لیکن پھر احساس ہوا کہ ہمارے ساتھ منافقت، دو عملی اور تضادات کا کھیل کھیلا جا رہا ہے، پھر متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ فوجی آپریشن کا آغاز کیا جائیگا، 3 ماہ کی قلیل مدت میں افواج نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں اور شمالی وزیرستان اور فاٹا کے علاقے پر پاکستان کا جھنڈا سربلند کیا، کئی دہشتگرد مارے گئے، کچھ سرحد پار چلے گئے۔انھوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا بلیک آؤٹ کرنے پر میڈیا کو کریڈٹ دیتا ہوں، سوشل میڈیا کے تانے بانے باہر ملتے ہیں، سائبر کرائمز بل ابھی زیر عمل ہے، تمام کالعدم تنظیموں کے رہنمائوں کو ای سی ایل پر ڈالا ہے۔

دریں اثناء وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 1973 سے جون 2013 تک جاری کیے جانیوالے تمام اسلحہ لائسنسوں کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائیگا اور 31 دسمبر 2015 تک تجدید نہ کرائے گئے تمام مینوئل اسلحہ لائسنس منسوخ ہو جائیں گے۔ پیر کو یہاں وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں نئی اسلحہ پالیسی کا جائزہ لیا گیا۔

 

مقبول خبریں