کرپشن الزامات پر فیفا نے اندورنی طور پر تحقیقات شروع کردیں

فیفا میں اندورنی طور پر تحقیقات کا دورانیہ کتنا ہوگا اس بابت کوئی بات واضح نہیں ہے۔


Sports Desk August 09, 2015
فیفا میں اندورنی طور پر تحقیقات کا دورانیہ کتنا ہوگا اس بابت کوئی بات واضح نہیں ہے۔ فوٹو : فائل

لاہور: فیفا نے کرپشن الزامات پر اندرونی طور پر بھی تحقیقات شروع کردیں، ذرائع کے مطابق اس کے نتائج امریکی اور سوئس حکام سے بھی شیئرکیے جائیں گے جو اپنے طور پر کرپشن اسکینڈل میں عائد کردہ الزامات کی جانچ پڑتال کررہے ہیں۔

اس پیشرفت کو فیفا کی جانب سے عالمی تحقیقاتی اداروں سے تعاون کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اندرونی تحقیقات کی بابت گذشتہ ماہ زیورخ میں منعقدہ فیفا ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران کو تفصیلی طور پر آگاہی دی گئی، فیفا میں اندورنی طور پر تحقیقات کا کام امریکی قانونی فرم کوئن ایمانویل یورک ہارٹ اور سوویلین کو سونپاگیا ہے۔

تحقیقات کے سامنے آنے والے نتائج کو دیگر حکام سے بھی شیئر کیا جائیگا، رواں برس مئی سے فیفا میں بھونچال آیا ہوا ہے، امریکی پراسیکیوٹرز نے سابق اور موجودہ 9آفیشلز کو کرپشن اور معاہدوں میں رشوت لینے کا مرتکب قرار دیتے ہوئے کارروائی کی تھی، پانچ مارکیٹنگ ایگزیکٹیوز بھی گرفت میں آئے تھے، پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ ان 14 مبینہ کرپٹ افراد نے 150 ملین ڈالر سے زائدرقم بطور رشوت وصول کی،فیفا میں اندورنی طور پر تحقیقات کا دورانیہ کتنا ہوگا اس بابت کوئی بات واضح نہیں ہے۔

ترجمان نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ فیفا حکام سے تعاون جاری رکھے ہوئے ہے اور اس معاملے پر کوئی بیان نہیں دیا جائے گا، ہم اپنی تنظیم کو بہتر بنانے کیلیے پُرعزم اور ادارے کی مضبوطی کے ساتھ اس کی جوابدہی کو بھی یقیینی بنانے کیلیے کوشاں ہیں، کارپوریٹ ورلڈ میں اندورنی طور پر ہونے والی تحقیقات عمومی بات ہے۔

جس میں وہ بڑی قانونی فرم کی خدمات حاصل کرتی ہیں، واضح رہے کہ فیفا کے موجودہ چیف سیپ بلاٹر نے آئندہ برس 26 فروری کو عہدہ صدارت سے الگ ہونے کا اعلان کردیا تھا،نئے امیدواروں کو رواں برس 26 اکتوبر تک اپنی حتمی نامزدگی کا فیصلہ کرنے کا موقع ملا ہے سردست یوئیفا کے چیف مائیکل پلاٹینی کو فیورٹ خیال کیا جارہا ہے، سابق برازیلین فٹبالر زیکو اور ارجنٹائن کے ڈیگو میراڈونا نے بھی فیفا صدر بننے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

مقبول خبریں