پابندی اٹھنے کے باوجود سزا یافتہ پلیئرز کی آزمائش باقی

محمد آصف اور سلمان بٹ کو 2ماہ میں اپنی مرادیں پوری ہوتی دکھائی دینے لگیں


Sports Desk September 03, 2015
عامر بھی معافی تلافی سے شائقین اور کھلاڑیوں کا غصہ ٹھنڈا کرنے کیلیے کوشاں فوٹو : فائل

پابندی اٹھنے کے باوجود سزا یافتہ کرکٹرز کی آزمائش باقی ہے، ماتھے پر سجے فکسنگ کے بدنما داغ کو دھونے کیلیے کئی پاپڑ بیلنا ہوں گے، آصف اور سلمان بٹ کو 2 ماہ میں اپنی مرادیں پوری ہوتی دکھائی دے رہی ہیں، عامر بھی معافی تلافی سے شائقین اور کھلاڑیوں کا غصہ ٹھنڈا کرنے کیلیے کوشاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سلمان بٹ، آصف اور عامر پر سے ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے سے پابندی گذشتہ روز ختم ہوگئی، مگر انھیں ایک بار پھر ٹاپ لیول پر کھیلنے کی خواہش پوری کرنے کیلیے مزید کئی مراحل سے ابھی گزرنا ہے، اس کے بعد ہی شاید ان کے ماتھے سے فکسنگ کے بدنما داغ کچھ کم ہوپائیں گے۔ پی سی بی کی جانب سے ان کیلیے روڈ میپ تیار کیا گیا تاہم تینوں کھلاڑی چند ہی ماہ میں خود کو انٹرنیشنل کرکٹ کھیلتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔

لاہور کے ماڈل ٹاؤن گراؤنڈ پر پریکٹس کا آغاز کرنے والے آصف نے کہاکہ پی سی بی نے مجھے ایک ہدف دیا جس میں فٹنس کو بہتر بنانا، ماہر نفسیات کے ساتھ کونسلنگ اور نوجوان کرکٹرز کو برائیوں سے بچنے کیلیے لیکچر دینا شامل ہے، میں 2 ماہ کے اندر یہ ٹارگٹ حاصل کرلوں گا،اس کے بعد مجھے آزادانہ طور پر کھیلنے کی اجازت مل جائے گی۔

سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ نے کہاکہ میں صرف کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں جو میری رگوں میں خون بن کر دوڑ رہی ہے۔ دوسری جانب فاسٹ بولر عامر نے ایک بار پھر اپنے کیے پر شائقین سے معافی مانگ لی،انھوں نے کہاکہ میں پورے خلوص سے ہر اس شخص سے معذرت کرتا ہوں جسے میں نے دکھ پہنچایا تھا۔

مقبول خبریں