بنگلہ دیشی ویمنزٹیم کو دورئہ پاکستان کی اجازت

پیرکوکراچی آمد متوقع، قومی اسکواڈ کا تربیتی کیمپ اب عید کے بعد دوبارہ لگے گا


Sports Reporter/Sports Desk September 24, 2015
پیرکوکراچی آمد متوقع، قومی اسکواڈ کا تربیتی کیمپ اب عید کے بعد دوبارہ لگے گا فوٹو : فائل

بنگلہ دیشی حکومت نے ویمنز کرکٹ ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت دے دی تاہم سیریز کے شیڈول کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا ہے.

سیکیورٹی خدشات کے سبب ٹور خطرات کی زد میں تھا مگر مہمان وفد نے جائزہ لینے کے بعد انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا، بنگلہ دیش پہلے ہی سیریز کیلیے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کر چکا ہے۔ دوسری جانب کراچی سے اسپورٹس رپورٹر کے مطابق مہمان ٹیم نئے شیڈول کے تحت اب پیر کو شہر قائد پہنچے گی۔

قبل ازیں اتوار کو آمد طے تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان ویمن کرکٹ سیریزکے 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے، پہلا میچ30 ستمبر کوساؤتھ اینڈ کلب میں متوقع ہے، بعدازاں اسی گراؤنڈ پردونوں ٹیمیں یکم اکتوبر کو صف آرا ہوں گی۔

دریں اثنا بنگلہ دیش کیخلاف ہوم سیریز اور دورئہ ویسٹ انڈیز کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ عیدالالضحیٰ کی وجہ سے روک دیا گیا، ساؤتھ اینڈ کلب میںکوچ محتشم رشید کی زیر نگرانی ایک ہفتے تک شدید گرمی کے باوجود بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے ساتھ فزیکل فٹنس پربھی خصوصی توجہ دی گئی، 26 ستمبر سے دوبارہ ٹریننگ کا آغاز ہوگا، قومی ویمن ٹیم بنگلہ دیش سے سیریز کے بعد کیریبیئن جزائرجائے گی۔

مقبول خبریں