سپر لیگ نیوزی لینڈ نے پلیئرز کو شرکت کی اجازت دیدی

ایلوئٹ3، 6 اور 8 فروری کو آسٹریلیا سے چیپل ہیڈلی ون ڈے سیریزکے بعد ایونٹ کیلیے دستیاب ہونگے۔


Sports Desk September 25, 2015
ایلوئٹ3، 6 اور 8 فروری کو آسٹریلیا سے چیپل ہیڈلی ون ڈے سیریزکے بعد ایونٹ کیلیے دستیاب ہونگے۔ فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ نے اپنے پلیئرز کو پاکستان سپر لیگ میں شرکت کی اجازت دیدی،آلراؤنڈرگرانٹ ایلوئٹ بھی فروری کے آغاز میں آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز کھیلنے کے بعد دستیاب ہونگے، جیسی رائیڈر اور جیمز فرینکلن بھی سوچ بچار میں مصروف ہیں، کیوی بورڈ کے کرکٹ ہیڈ لنزے کروکر کا کہنا ہے کہ مذکورہ کھلاڑیوں کو این اوسی ایک رسمی کارروائی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے منتظمین کی جانب سے نیوزی لینڈ کے تین کرکٹرز گرانٹ ایلوئٹ، جیسی رائیڈر اور جیمز فرینکلن سے ایجنٹس کے ذریعے رابطہ کیا گیا تھا، ان میں سے آلراؤنڈر گرانٹ ایلوئٹ نے پی ایس ایل میں شرکت کی نہ صرف تصدیق کردی بلکہ انھیں اپنے بورڈ سے بھی کلیئرنس حاصل ہوگئی ہے، دیگر کھلاڑیوں کو بھی نہیں روکا جائیگا۔

ایلوئٹ3، 6 اور 8 فروری کو آسٹریلیا سے چیپل ہیڈلی ون ڈے سیریزکے بعد ایونٹ کیلیے دستیاب ہونگے۔ انھوں نے 9 فروری کے بعد سے پی ایس ایل جوائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

این زیڈ سی کے کرکٹ ہیڈ لنزے کروکر نے کہاکہ گرانٹ سے ایجنٹ کے توسط سے رابطہ کیا گیا تھا، ہماری توجہ چیپل ہیڈلی سیریز پر مرکوز ہے اور اس کے بعد ٹیسٹ میچز ہونگے،ایلوئٹ سینئر فارمیٹ کی ٹیم میں نہیں اس لیے وہ کینگروز سے ون ڈے سیریز کے بعد پی ایس ایل کیلیے دستیاب ہونگے۔

ہمیں یقین ہے کہ انھیں وہاں پر کوالٹی کرکٹ میسر آئے گی جس سے وہ آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلیے اچھی طرح تیاری کرپائینگے۔ واضح رہے کہ ابھی تک جیسی رائیڈر اور جیمز فرینکلن کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کھیلنے کی تصدیق سامنے نہیں آئی، رائیڈر کا سینٹرل ڈسٹرکٹس کیساتھ رواں سیزن کا معاہدہ ہے۔

مقبول خبریں