بنگلہ دیش نے ویمن پلیئرز کے تحفظات بھی دور کر دیے

کرکٹ ٹیم وی وی آئی پی سیکیورٹی کی یقین دہانی پر پاکستان آنے کیلیے تیار ہو گئی


Sports Desk September 25, 2015
کرکٹ ٹیم وی وی آئی پی سیکیورٹی کی یقین دہانی پر پاکستان آنے کیلیے تیار ہو گئی فوٹو : فائل

بنگلہ دیشی ویمنز کرکٹ ٹیم وی وی آئی پی سیکیورٹی کی یقین دہانی پر پاکستان آنے کیلیے تیار ہوئی، بی سی بی حکام نے بات چیت کرکے پلیئرز کے تحفظات بھی دور کر دیے، بورڈ کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے کرائوڈ، دروازوں اور اسٹیڈیم کے اطراف میں حفاظتی انتظامات سمیت ہماری تجاویز سے بھی اتفاق کیا، اب کسی اعتراض کی کوئی گنجائش باقی نہیں تھی۔

تفصیلات کے مطابق صدر بی سی بی نظم الحسن نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ویمنز ٹیم کو مختصر دورے پر پاکستان بھجوانے کی تصدیق کی ہے،انھوں نے کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں فٹبال اور ہینڈ بال ٹیموں کے دوروںسے ہمیں بھی حوصلہ ملا کہ خواتین کرکٹرزبھی کوبھجوایا جاسکتا ہے، ابھی تک حتمی طور پر طے نہیں ہوا کہ میچ 1یا 2 وینیوز پر ہوں گے لیکن کراچی کا سائوتھ اینڈ کلب اس لحاظ سے بہتر ہے کہ پلیئرز کو رہائش کی سہولت بھی وہیں میسر ہوں گی۔

دوسری جانب سیکیورٹی وفد کے مطابق لاہور مجموعی طور زیادہ محفوظ ہے، دورہ کرنے والے اراکین نے کہاکہ حادثہ تو کہیں بھی ہوسکتا ہے تاہم انتظامات تسلی بخش ہیں، اس رپورٹ کے بعد ہماری طرف سے وی وی آئی پی سیکیورٹی کا مطالبہ کیا گیا تھا جسے مان لیا گیا، پی سی بی نے کرائوڈ، دروازوں اور اسٹیڈیم کے اطراف میں حفاظتی انتظامات سمیت ہماری تجاویز سے اتفاق کیا، اب سیکیورٹی کے حوالے سے کسی اعتراض کی کوئی گنجائش باقی نہیں تھی۔

انھوں نے بتایا کہ بی سی بی کے سینئرنائب صدر محبوب الانعام، ویمنز ونگ کے چیئرمین ایم اے اول چوہدری اور شعبہ سیکیورٹی کے سربراہ ویمنز ٹیم کے ہمراہ پاکستان جائیں گے۔ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز میں بات چیت کے دوران ہی بنگلہ دیشی خواتین کرکٹرز نے خدشات ظاہر کیے تھے، بی سی بی حکام اور پاکستان میں ہائی کمیشن کے ایک سیکیورٹی افسر نے رواں ماہ بات چیت کرکے تحفطات دور کیے، بریفننگ کے بعد پلیئرز نے اپنے اطمینان کااظہار کرتے ہوئے ٹور کیلیے حامی بھر لی۔

بنگلہ دیشی ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورئہ پاکستان میں تمام میچ کراچی میں ہونے کا امکان ہے، بی سی بی کے سیکیورٹی وفد نے لاہور کا بھی دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار تو کیالیکن حتمی رائے دینے سے گریز کیا تھا، پی سی بی کراچی میں 2ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد دونوں ون ڈے کی میزبانی اپنے ہیڈکوارٹر قذافی اسٹیڈیم میں کرنے کا خواہاں تھا، پچز اور تزئین وآرائش کا کام بھی جاری ہے،البتہ ذرائع کے مطابق مہمان ٹیم اپنے تمام میچز کراچی میں کھیلے گی جہاں سائوتھ اینڈ کلب میں رہائش کی سہولت بھی میسر ہے، یوں آمدورفت کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

مقبول خبریں