بلدیہ عظمیٰ برکات رضوی نے مشیر مالیات کا چارج نہیں چھوڑا

ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کا چارج لے چکے،صورتحال سے مالیاتی نظام درہم برہم.


Staff Reporter October 22, 2012
ایڈمنسٹریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کا چارج لے چکے،صورتحال سے مالیاتی نظام درہم برہم

SIALKOT: بلدیہ عظمیٰ کے مشیر مالیات برکات رضوی نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر کا چارج سنبھالنے کے باوجود مشیر مالیات کے عہدے کا چارج نہیں چھوڑا جس کے باعث بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ مالیات کے امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں مگر کسی بھی سطح سے اس صورتحال کا نوٹس نہیں لیا جارہا ہے۔

محکمہ فنانس کے افسران کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ محکمے کے ساتھ مذاق ہورہا ہے جس کا خمیازہ کراچی کے شہریوں کو بھگتنا پڑرہا ہے، تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ مالیات کے مشیر برکات رضوی کا بحیثیت ایڈمنسٹریٹر بلدیہ حیدرآباد تبادلہ کردیا گیا تھا، اس سلسلے میں جاری حکم نامے میں ہدایت کی گئی تھی وہ اپنے عہدے کا چارج فوری طور پر چھوڑ دیں تاہم برکات رضوی نے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر کے عہدے کا چارج تو سنبھال لیا تاہم بلدیہ عظمی کراچی کے مشیر بلدیات کے عہدے کا چارج نہیں چھوڑا جس کے باعث محکمہ مالیات کا پورا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

محکمے کے نہ صرف روز مرہ کے امور بلکہ بلدیہ عظمیٰ کے دیگر محکموں کے معاملات بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ برکات رضوی کھلم کھلا قانون کا مذاق اڑا رہے ہیں، شاید ماضی میں کوئی ہی ایسی مثال ملے کے ایک آفیسر کو دو مختلف شہروں میں قائم اداروں اہم ترین عہدوں کا چارج دیدیا گیا ہے مگر کسی سطح پر اس معاملے کا کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا، اس سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کے ایک اعلیٰ آفیسر کا کہنا تھا کہ اس وقت بلدیہ عظمیٰ کراچی میں آوے کا آوے ہی بگڑ چکا ہے، ایڈمنسٹریٹر محمدحسین سید سمیت تمام افسران بغیر کسی حکمنامے کے کام کررہے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ایک لاوارث ادارہ بنادیا گیا ہے جس کی طرف کوئی آنکھ اٹھاکر بھی دیکھنے کو تیار نہیں،ذرائع کا کہنا تھا کہ اگر کوئی محمدحسین سید کو ایڈمنسٹریٹر کے عہدے پر تعنیات رکھنے کا خواہشمند ہے تو اس کو چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کرادے۔

مقبول خبریں