پرتھ ٹیسٹ روس ٹیلر آسٹریلوی یلغار کے سامنے دیوار بن گئے

ٹیلر نے ڈبل سنچری بناکر نیوزی لینڈ کو قدموںپر کھڑا کردیا، کین ولیمسن 166رنز بناکر پویلین واپس


Sports Desk November 16, 2015
مہمان ٹیم نے جوابی اننگز میں 6وکٹ پر 510رنز جوڑ لیے، آسٹریلیا کی برتری محض49رنزرہ گئی۔ فوٹو: فائل

پرتھ ٹیسٹ میں روس ٹیلر آسٹریلوی یلغار کے سامنے دیوار بن گئے، ڈبل سنچری بناکر ٹیم کو پاؤں پر کھڑا کردیا، کین ولیمسن نے بھی بھرپور ساتھ دیا، تیسرے دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے 6 وکٹ پر 510 رنز بنالیے۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے کیویز کے جلد شکارکی امیدیں دم توڑ گئیں، واکا کی پچ بدستور بیٹسمینوں کے لیے جنت ثابت ہورہی ہے جہاں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کے 559 رنز کے جواب میں 6 وکٹ پر 510 رنز بنالیے، اس مقابلے سے قبل ناقص فارم سے دوچار روس ٹیلر نے بیٹ پر لگا زنگ جھاڑتے ہوئے نہ صرف کیریئر کی دوسری ڈبل سنچری اسکور کی بلکہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا بہترین اسکور بھی بہتر بناڈالا۔

کیویز نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز 140 رنز دو وکٹ سے کیا، مارننگ سیشن میں کین ولیمسن اور ٹیلر دونوں نے کینگرو اٹیک کی ایک بھی نہ چلنے دی، دونوں نے مل کر ٹیم کو مشکل سے نکالنا شروع کیا، ان کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 265 رنز کی شراکت ہوئی، اس جوڑی کا خاتمہ جوش ہیزل ووڈ کے ہاتھوں نئی گیند سے ہوا، ولیمسن کو غلط شاٹ کھیلنے کا نتیجہ بھگتنا پڑا، مڈ آن پر موجود مچل جونسن نے ایک سادہ کیچ کو انتہائی سادگی سے ہی تھام لیا، انھوں نے 250 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 24 چوکوں کی مدد سے 166 رنز اسکور کیے۔

کپتان برینڈن میک کولم بڑی اننگز کا خواب پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا پائے، 27 کے انفرادی اسکور پر مارش نے انھیں بولڈ کردیا، بریڈلی جان واٹلنگ بھی صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے، انھیں اسٹارک کی گیند پر ناتھن لیون نے کیچ کیا۔ ڈگ بریسویل بھی زیادہ دیر روس ٹیلر کا ساتھ نہیں دے پائے اور 12 رنز اپنے نام کے آگے سجائے رخصت ہوگئے، دن بھر کی سرتوڑ کوشش کے بعد مچل جونسن کے ہاتھ پہلی وکٹ لگی، کیچ وکٹ کیپر پیٹر نویل نے اپنے گلوز میں محفوظ کیا۔ جب تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو نیوزی لینڈ نے 6 وکٹ پر 510 رنز بنالیے تھے، روس ٹیلر 235 ور مارک کریگ 7 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ مچل اسٹارک نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کیویز کو میزبان سائیڈ کی پہلی اننگز کی برابری کیلیے مزید صرف 49 رنز درکار ہیں۔

مقبول خبریں