ڈی آر ایس تھرڈ امپائر کو آپریٹرز کے ساتھ بٹھانے کی تجویز مسترد

میچ آفیشلز کو موقع پر مطلوبہ معلومات حاصل ہوجاتی ہیں، آئی سی سی ترجمان


Sports Desk December 16, 2015
ریویو سسٹم میں بہتری لانے کیلیے رپورٹ آئندہ سال مئی میں سامنے آئے گی فوٹو: فائل

NEW DELHI: آئی سی سی نے تھرڈامپائر کو ڈی آر ایس آپریٹرز کے کمرے میں بٹھانے کی تجویز مسترد کردی۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ ماہ انگلش امپائر نائجل لونگ نے آسٹریلوی بولر ناتھن لیون کو واضح فیصلہ ہونے کے باوجود ناٹ آؤٹ قرار دیا جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو شکست کا سامناکرنا پڑا،کیویز کی سری لنکا کیخلاف فتح میں بھی کئی فیصلوں پر انگلیاں اٹھائی گئیں،اگر ڈی آر ایس سسٹم کو چلانے والوں کو تھرڈ امپائر سے رابطے کی اجازت ہوتی تو درست فیصلے کیے جاسکتے تھے۔

مثال کے طور پر ڈونیڈن ٹیسٹ میں ٹام لیتھم کو 97پر ایل بی ڈبلیو دیا گیا،ڈی آر ایس آپریٹرز جانتے تھے کہ گیند ان کے بیٹ سے لگی تھی لیکن قواعد کا پابند ہونے کی وجہ سے انھوں نے میچ آفیشلز کو اصل صورتحال سے آگاہ نہ کیا اور بیٹسمین کو پویلین لوٹنا پڑا،ریفرل پر جن 5فیصلوں کیلیے تھرڈ امپائر سے رجوع کیا گیا وہ درست ثابت ہوئے۔

ان تنازعات کے بعد یہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ امپائر کوئی فیصلہ دے یا نہ ڈی آر ایس آپریٹرز کو اجازت ہونی چاہیے کہ وہ ممکنہ تنازع کے پیش نظر اصل صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے خود ہی بتا دیں کہ بیٹسمین آؤٹ تھا یا نہیں، اس مقصد کیلیے تھرڈ امپائر کو ہی ٹیکنالوجی سے لیس کمرے میں بٹھا دینا چاہیے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس تجویز کو مسترد کردیا ہے، ترجمان نے نیوزی لینڈ کے میڈیا کو بتایا کہ میچ آفیشلز کو موقع پر مطلوبہ معلومات حاصل ہوجاتی ہیں،دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ سسٹم میں بہتری لانے کیلیے رپورٹ آئندہ برس مئی میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں پیش کی جائیں گی، ترامیم کا اطلاق سال کے اختتام تک ہونے کی توقع ہے۔

مقبول خبریں